پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر تعینات سول ایوی ایشن ملازمین کے اسمارٹ فونز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے ملازمین کیلئے نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق پابندی سیکیورٹی وجوہات کے باعث لگائی گئی ہے۔
نیے حکم نامے سے متعلق باچا خان ایئرپورٹ کے مینجر کا کہنا ہے کہ ایپرن اور لاؤنج میں اسمارٹ فون کا استعمال سختی سے ممنوع ہے۔ ممنوع ایریاز میں اسمارٹ فون کا استعمال ائیرپورٹ مینجر کی اجازت سے مشروط ہوگا۔
ایئرپورٹ مینجر کے مطابق ممنوع علاقے میں فون کے استعمال پر موبائل ضبط اور متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔
ایئرپورٹ کے احاطے میں اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی کا نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔