گوادر: بلوچستان حکومت نے گوادر کو حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان سے مذاکرات کے بعد گودار میں شراب کی تمام دکانوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے سمندر میں غیرقانونی ماہی گیری، ٹرالنگ، ماہی گیروں کے روزگار کا تحفظ اور سمندری حیات کی نسل کشی کی روک تھام کے لیے اقدامات کے احکامات بھی جاری کیے۔ڈائریکٹر جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس کے دفتر سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گودار میں شراب کی تمام دکانوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں لکھا ہے کہ گودار میں امن وامان کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے اگلے احکامات تک گوادر میں تمام شراب خانوں کو فوری بند کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔دوسری طرف گودار میں دھرنا بارویں روز بھی جاری ہے۔ گوادر کو حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان نے کہاکہ تمام مطالبات کے حل تک دھرنا جاری رہے گا۔ ہم اپنے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے مہینوں لگ جائیں تب بھی دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ دھرنے کو پورے مکران ڈویڑن کے عوام اور ہر طبقے کی حمایت حاصل ہے۔