لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق، عمران خان نے نقصانات پر رپورٹ طلب
لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث حادثات میں دو بچوں اور خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ چھتیں گرنے کے واقعات گوجرانوالہ، قصور، چنیوٹ اور گجرات میں ہوئے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے۔بارش اور تیز ہوا سے ٹھنڈ بڑھ گئی۔ نشیبی علاقے اور سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔ لیسکو کا ترسیلی نظام بھی شدید متاثر ہوا، کئی علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے۔کوئٹہ، تربت، سبی، لسبیلہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے صوبے میں بارشوں سے نقصانات پر رپورٹ مانگ لی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج، نیوی اور ایف سی کے دستوں نے گوادر میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے خیمے، کمبل اور راشن پہنچایا۔ سی وی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے پسنی میں بھی امدادی سامان پہنچایا گیا۔