مری سانحہ کے بعد یہ ثابت ہو گیا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے،شہباز شریف

ہزاروں گاڑیوں کے اب بھی پھنسے ہونے کی اطلاعات پر تشویش ہے، لوگوں کی مدد کرنے والے مقامی افراد کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،قائد حزب اختلاف کا بیان
لاہور: قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا ہے کہ مری سانحہ کے بعد یہ ثابت ہو گیا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے،ہزاروں گاڑیوں کے اب بھی پھنسے ہونے کی اطلاعات پر تشویش ہے، لوگوں کی مدد کرنے والے مقامی افراد کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اتوار کو قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے سیاحوں کا اب بھی مری میں پھنسے ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا،

شہباز شریف نے کہا کہ مری سانحہ کے بعد یہ ثابت ہو گیا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، مری سانحہ ثبوت ہے کہ ملک پر صرف نالائقی، نا اہلی، بے حسی اور ظلم مسلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ مری سے متعلق حکومت سچائی اور اصل حقائق بتائے،حکومت حقائق بتائے تا کہ اس کے مطابق حکمت عملی بنائی جا سکے۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت مری اور دیگر علاقوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے اقدامات کرے، ہزاروں گاڑیوں کے اب بھی پھنسے ہونے کی اطلاعات پر تشویش ہے جبکہ اس حوالے سے عوام پریشان ہیں، یہاں تک کہ پھنسے سیاحوں کے خاندان پریشان ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات میں یکجائی لائی جائے، پھنسے مسافروں کی محفوظ گھروں کو واپسی یقینی بنائی جائے ، میں لوگوں کی مدد کرنے والے مقامی افراد کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔(اح+اس)

Leave A Reply

Your email address will not be published.