دالبندین: چاغی میں پک اپ اور ٹرالر میں تصادم نے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی جان لے لی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ٹرالر پک اپ گاڑی پر چڑھ گئی لاشوں اور زخمیوں کو کرین کی مدد سے نکال کر پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ جمعے کو ضلعی صدرمقام دالبندین کے نواحی علاقے اسماعیلی لانڈھی میں آر سی ڈی شاہراہ پر اس وقت پیش آیا جب بدقسمت خاندان کے افراد یک مچھ سے دالبندین جارہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والی ٹرالر نے ان کی ایرانی ساختہ زامیاد گاڑی کو روند ڈالا۔ اسسٹنٹ کمشنر دالبندین عرفان خلجی کے مطابق اس حادثے میں شوہر اہلیہ کمسن بچی اور ساس جان کی بازی ہارگئے جبکہ ان کا ایک بچہ اور ٹرالر کا کلینر زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ان کے مطابق حادثے کے فوری بعد انہوں نے لیویز فورس کے ہمراہ ریسکیو سرگرمیوں کا آغاز کرکے شاہراہ ٹریفک کے لیے کلیئر کردی جبکہ ٹرالر ڈرائیور کو حراست میں لے کر حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی۔