پی ٹی آئی کے اپنے لوگ حکومت چھوڑنے کے لیے تیار اور نون لیگ سے رابطے میں ہیں، عمران خان کا حکم تھا کہ محسن بیگ کو ہتھکڑی لگا کر عدالت میں لایا جائے، میڈیا سے گفتگو
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مخالفین کے خلاف گھٹیا انتقام وزیرِ اعظم عمران خان کا موٹو ہے، ہم کسی امپائر کی انگلی کی طرف نہیں دیکھ رہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے لوگ حکومت چھوڑنے کے لیے تیار اور نون لیگ سے رابطے میں ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ سیاست، سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کا کام ہے، نظام سے کوئی فرق نہیں پڑتا آئین پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے لانگ مارچ کا آپشن بھی ہے، احتجاج بھی کریں گے، عدم اعتماد بھی ہوگا، ہمیں امید ہے کہ عوام کی دعاؤں سے تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتِ حال پورے ملک میں خراب ہے، وزیر اعظم اجلاس میں امن و امان کی صورتِ حال بہتر بنانے پر غور نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس میں مخالفین سے متعلق گفتگو ہوتی ہے، انہوں نے گزشتہ روز کے جلسے میں مخالفین کو گالیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا حکم تھا کہ محسن بیگ کو ہتھکڑی لگا کر عدالت میں لایا جائے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں پوری دنیا میں ہیروئن سپلائی کرتا ہوں، مجھ پر اتنے بڑے نیٹ ورک کا الزام لگایا گیا اس نیٹ ورک کا دوسرا آدمی کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان شہباز شریف اور میرے خلاف کیسز بنانے میں خود شریک رہے، ساڑھے 3 سال سے یہ ان کیسز میں کچھ ثابت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی ناکامی کے بعد ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کو استعمال کیا جا رہا ہے، 4 سال میں مخالفین کے خلاف مقدمے بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔#/s#