واشنگٹن: امریکی اخبارکا کہنا ہے کہ سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات کے سربراہان نے امریکی صدرجوبائیڈن سے فون پربات کرنے سے انکارکردیا۔
امریکی اخبار’وال اسٹریٹ جنرل‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اورمتحدہ عرب امارات کے شیخ محمد زائد النہیان نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران امریکی صدرجوبائیڈن سے فون پربات کرنے سے انکارکردیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وائٹ ہاؤس نے متعدد بارسعودی اوراماراتی سربراہان سے سے صدربائیڈن کی بات کرانے کی کوشش کی لیکن دونوں رہنماؤں نے امریکی صدرکی فون کال ریسیو کرنے سے انکارکردیا۔
اخبارکا سعودی حکام کے حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی عرب امریکا سے جومطالبات منظورکرانا چاہتا ہے ان میں یمن جنگ اور سویلین جوہری پروگرام میں امریکی مدد اور شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے امریکا میں قانونی استثنیٰ شامل ہیں۔
سعودی ولی عہد کو امریکا میں کچھ مقدمات کا سامنا ہے جن میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا مقدمہ بھی ہے۔