رمضان المبارک میں ایک شخص پورے ماہ 40 کلو آٹا ، 5 کلو چینی ، 5 کلو گھی اور 2 لٹر آئل ہی خرید سکے گا سستی اشیا کی خریداری قومی شناختی کارڈ سے مشروط ہوگی
اسلام آباد:رمضان المبارک میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کے لیے حد مقرر کردی گئی ایک شخص پورے ماہ 40 کلو آٹا ، 5 کلو چینی ، 5 کلو گھی اور 2 لٹر آئل ہی خرید سکے گا سستی اشیا کی خریداری قومی شناختی کارڈ سے مشروط ہوگی ، یوٹیلیٹی اسٹورز نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گا ۔تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ماہ رمضان کے دوران یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستا آٹا ، چینی ، گھی اور کوکنگ آئل کی ماہانہ خریداری کے لیے حد مقرر کی گئی ہے ، عوام سستی اشیا قومی شناختی کارڈ دکھا کر مقررہ حد تک خرید سکیں گئے ، ایک شخص کو پورے ماہ 40 کلو سے زیادہ آٹا نہیں خرید سکے گا ، ایک ماہ کے دوران ایک شناختی کارڈ پر 5 کلو سے زیادہ چینی نہ بیچی جائے ، 5 کلو سے زیادہ گھی اور 2 لٹر سے زیادہ کوکنگ آئل بھی ایک شناختی کارڈ پر نہیں دیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا کی قلت سے بچنے کے لیے خریداری کی حد مقرر کی گئی ہے کیوں کہ رمضان کے دوران سستی اشیا کی خریداری کرنے والوں کا رش بڑھنے کی توقع ہے اس لیے یوٹیلیٹی اسٹور پر مقررہ حد سے زیادہ مقدار میں اشیا کی فروحت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گئی۔ خیال رہے کہ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر بڑا رمضان پیکج دینے کی تیاری کی ہے ، اس سال یوٹیلیٹی اسٹورز پر 8 ارب28 کروڑ روپے کا رمضان ریلیف پیکج دیا جارہا ہے ، جس کے تحت 19 اشیائے ضروریہ پرسبسڈی دیے جانے کا امکان ہے ، پیکج کے تحت سب سے زیادہ سبسڈی گھی کے لیے مختص کرنے کی تجویز ہے جس میں گھی کیلئے 4 ارب 5کروڑ روپے کی سبسڈی کی تجویز دی گئی ہے ،آٹے پر 2ارب 53 کروڑ 40 لاکھ اور چینی پر 75کروڑ روپے کی سبسڈی کی تجویز ہے ۔رپورٹ کے مطابق باسمتی چاول پر ڈھائی کروڑ، سیلہ چاول پرایک کروڑ ،ٹوٹا چاول پر3 کروڑ 60 لاکھ، دال چنا پر3 کروڑ، دال مسورپر3 کروڑ اور سفید چنے پر 5 کروڑ روپے کی سبسڈی کی تجویز ہے ، جب کہ رمضان پیکج کے تحت دیگر اشیا پر76کروڑ 50 لاکھ روپیکی سبسڈی کی تجویز ہے ، حکومت نے گزشتہ سال7 ارب 84 کروڑ 26 لاکھ روپے کے رمضان پیکج کا اعلان کیا تھا۔