کراچی: سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان نے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کیا ،زمینی خداؤں کے سامنے عمران خان جھکا نہیں، یہ جنگ عمران خان کرسی کے لیے نہیں پاکستان کے لیے لڑ رہا ہے۔ کراچی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ 1993 میں عمران خان کے ساتھ سفر شروع کیا تھا، عمران خان اللہ کے سوا کبھی نہیں جھکا، اسی چیز کی قیمت آج عمران خان ادا کر رہا ہے، زمینی خداؤں کے سامنے عمران جھکا نہیں، یہ جنگ عمران خان کرسی کے لیے نہیں پاکستان کے لیے لڑ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ایک شاندار خارجہ پالیسی بنائی، عمران خان دھمکی آمیز خط کو دنیا کے سامنے لایا، کسی کو ٹیلی فون آتا ہے تو امریکیوں کے آگے لیٹ جاتے تھے، عمران خان نے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کیا، شیخ رشید نے 31 مئی حکومت کی رخصتی کی لمبی تاریخ دی ہے یہ چند دنوں کے مہمان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب پورا کراچی آپ کی آواز کے لیے باہر نکلنے کو تیار ہے، خان صاحب آدھے گھنٹے میں پہیہ جام کر سکتے ہیں، ہم سڑکوں پر نکل کر ان کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیں گے۔