چیف ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ آفیسرکیسربراہی میں ٹی ای یو تشکیل،موٹر وہیکل رولز میں ترامیم منظوری کیلئے حکومت کو ارسال
ٹی ای یو کو غیر قانونی بس سٹاپس کیخلاف کارروائی ، اڈوں ، بس سٹینڈز کا معائنہ سمیت دیگر اختیارات بھی دئیے جائیںگے
پشاور:صوبائی حکومت نے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں قوانین کے موثر نفاذ اور ٹریفک چالان کا اختیار ٹریفک پولیس سے لیکر محکمہ ٹرانسپورٹ کے حوالے کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ اس سلسلے میں ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ یونٹ( ٹی ای یو) تشکیل دیا گیا ہے جبکہ موٹر وہیکل رولز میں ترامیم منظوری کیلئے صوبائی حکومت کو ارسال کردی گئی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا ڈاکٹر طارق عثمان سعید کے مطابق ٹی ای یو کا سربراہ چیف ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ آفیسر ہوگا جس کے ماتحت سینئر ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ آفیسر اور ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ آفیسر سمیت ہیڈ ٹرانسپورٹ وارڈن اور ٹرانسپورٹ وارڈن ہوں گے۔ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق ٹریفک سے متعلق 16قوانین کی خلاف ورزی کے جرمانوں کا اختیار ٹی ای یو کو دیا جائیگا اسی طرح محکمہ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے کرایوں کی نگرانی کا بھی ذمہ دار ہوگا ٹی ای یو کو غیر قانونی بس سٹاپس کیخلاف کارروائی کرنے ، اڈوں ، بس سٹینڈز کا معائنہ کرنے سمیت دیگر اختیارات بھی دئیے جائیںگے۔ ڈپٹی ڈائریکٹرٹرانسپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ یونٹ با وردی فورس پر مشتمل ہوگا جس کو اسلحہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے متعلقہ قوانین کے نفاذ کیلئے 11موبائل پٹرولنگ آفیسرز سمیت دیگر سٹاف کو تربیت دے کر ان کی خدمات حاصل کرلی ہیں