بلوچستان کا مالی بحران شدت اختیار کررہا ہے :وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ :وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے بلوچستان کا مالی بحران شدت اختیار کررہا ہے جس کی بڑی وجہ وفاق کی جانب سے این ایف سی کے تحت ملنے والے 45 ارب روپے میں سے صرف10 فیصد شیئر بھی نہیں ملا حالانکہ ہم نے رواں مالی سال کا ترقیاتی پروگرام این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملنے والے حصے کے مطابق بنایا تھا اور ہماری اولین ترجیح جاری ترقیاتی اسکیمات کی بروقت تکمیل ہے اور جاری اسکیمات کے لئے اب تک حکومت نے 70 ارب روپے جاری کردیئے ہیں اور سابق حکومت کی کسی بھی اسکیم کو نہیں روکا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاسلام آباد سے بلوچستان کے مالی بحران کے حوالے سے صحافیوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ اگر این ایف سی کا طے شدہ سہ ماہی شیئر نہ ملا تو بلوچستان کے ملازمین کی تنخواہیں بھی نہیں دے سکیں گے۔حالانکہ صوبے میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہ کا ریاں ہوئی ہیں ہم نے اب تک سیلاب کے متاثرین کے لئے امداد وبحالی کے لئے 8 ارب روپے جاری کیئے ہیں۔اور وفاق سے کسی قسم کا اضافی مطالبہ نہیں کر رہے۔ہم صرف اپنا آئینی طور پر طے شدہ حصہ مانگ رہے ہیں۔گیس رائلٹی کی مد میں بھی وفاق پر ہمارے 40 ارب روپے کے پرانے واجبات ہیں۔اگر ہمیں وفاق سے ہمارا حصہ مل جاتا ہے تو ہم اپنی مدد آپ کے تحت سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کو ممکن بنا سکتے ہیں۔سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے نہ کسی کے آگے ہاتھ پھیلایا ہے اور نہ ہی پھیلائیں گے۔اپنے لوگوں کی خود مدد کرینگے۔جب حکومت سنبھالی تو تب بھی بلوچستان کے برے مالی حالات تھے۔مشکل صورتحال کے باوجود متوازن اور عوام دوست بجٹ بنایا اور پیش کیا اپوزیشن اور حکو متی اراکین کے حلقوں کو یکساں اہمیت دی۔صوبے کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے تمام سیاسی پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔صوبے کے مالی بحران کو میڈیا میں نہیں لانا چاہتے تھے۔سیاسی قائدین کو اعتماد میں لینے کے لئے میڈیا میں آنا پڑا۔صوبے کے مالی بحران کو وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے سامنے رکھیں گے۔امید ہے کہ وزیراعظم نے جس طرح پہلے ہماری بات سنی ہے اب بھی سنیں گے۔اور بلوچستان کو درپیش مالی بحران کے حل کے لئے وفاق کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کی مد میں ملنے والے حصے اور گیس رائلٹی کی مدمیں پچھلے 40 ارب کے واجبات کی ادائیگی ممکن بناکر بلوچستان اور لوگوں کو اس مشکل صورتحال سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں گے#/s#

Leave A Reply

Your email address will not be published.