ملزمان نے مختلف شکایت کنندگان کے اکاونٹس سے 3 لاکھ روپے ہتھیائے،ترجمان ایف آئی اے
اسلام آباد:وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبرکرائم سرکل نے اسلام آبادمیں تازہ کارروایئاں کرتے ہوئے آن لائن فراڈ میں ملوث 2 گینگ کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی کے مطابق ملزمان مختلف VOIP ایپلیکیشن کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کو کال کرتے اور خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے پیسے ٹرانسفر کر لیتے،ملزمان نے مختلف شکایت کنندگان کے اکاونٹس سے 3 لاکھ روپے ہتھیائے،گرفتار ملزمان میں اکبر علی، محمد اسماعیل، محمد حبیب اور عبدالغفار شامل ہیں جبکہ ایک اور کارروائی میں جعلی پولیس اہلکار بن کر عوام کو لوٹنے والا دو رکنی گروہ گرفتار کر لیا گیا۔ملزم حیدر علی اور علی رضا کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان نے شکایت کنندہ کو جعلی گرفتاری کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے رہائی کے لئے پیسے بٹورے،ملزمان اپنے جھانسے میں پھنسانے کے لئے کال کے دوران وائرلیس کی ریکارڈنگ کا بھی استعمال کرتے تھے،ملزمان سے برآمد ہونے والے موبائل فونز کو قبضے میں لے لیا گیا، ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اورمزید تفتیش جاری ہے