مرحوم سید سعود ساحر نظریاتی صحافت کے معمار تھے،سعود ساحر کی برسی کے موقع پر نیشنل پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

:نائب امیر جماعت اسلامی فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ مرحوم سید سعود ساحر نظریاتی صحافت کے معمار تھے،انہوں نے سچائی ،نیک نامی اور بہاردری کے ساتھ صحافت کی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور )اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (دستور)کے زیر اہتمام سعود ساحر کی برسی کے موقع پر نیشنل پریس کلب میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فرید احمد پراچہ نے کہا کہ سعود ساحر سے ہمارا نظریاتی اور ذاتی تعلق نصف صدی پر محیط ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ نصف صدی تک سعود ساحر کی زندگی کے چشم دید گواہ ہیں،انہوں نے تحقیقاتی صحافت کو حقیقی معنوں میں پروان چڑھایا، سعود ساحر نے مشکل حالات میں کام کیا اور کبھی کمزوری نہیں دکھائی بلکہ ہمیشہ ظلم کے آگے ڈٹ کر کھڑے رہے۔

پی ایف یو جے (دستور) نواز رضا نے سعود ساحر کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں نڈر ،بے باک صحافت کا علمبردار قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ سعود ساحر نے سینکڑوں صحافیوں کی حقیقی معنوں میں رہنمائی کی اور انہیں صحافت کرنا سکھایا،آج کی دوڑتی بھاگتی صحافت کے دور میں سعود ساحر جیسے لوگ ہمارے لیے حقیقی رول ماڈل ہیں۔سینئر صحافی و دانشور نصر ت مرزا نے کہا کہ سعود ساحر کی زندگی ہم سب کیلئے نمونہ ہے ،انہوں نے مشکلات دیکھیں مگر اپنا راستہ نہیں چھوڑا،انہوں نے صحافت کے شعبے میں جو نقوش چھوڑے وہ تادیر قائم رہیں گے۔

سینئر صحافی خالد عظم نے کہا کہ میں سعود ساحر کو اپنا حقیقی استاد سمجھتا ہوں،وہ نہ صرف بڑے صحافی تھے بلکہ شاندار ٹریڈ یونیننسٹ تھے۔ریفرنس سے صدر پی ایف یو جے (دستور) نواز رضا،صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی ،صدر آر آئی یو جے (دستور) رانا کوثر، سینئر نائب صدر ایوب ناصر، چیئر مین رابطہ فورم انٹرنیشنل ممتاز دانشور نصرت مرزا، حکیم پروفیسر سید محمود سہارنپوری، سینئر صحافی خالد عظیم، سابق ایڈیشنل آئی جی اسلام آباد جمیل ہاشمی، ممتاز صحافی طاہر مغل سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں ڈاکٹر فیصل، سابق صدر آر آئی یو جے خاور نواز راجہ، سید قیصر عباس، مرزا عبدالقدوس،رازق محمود بھٹی، شاہد شمسی، کاشف رضوی، الیاس سومرو، عارف ملک، اویس لطیف ،یعقوب علوی، مظفر بھٹی، منظور سہلیریا، پروفیسر سید حفیظ خٹک، ماجد خان امت و دیگر کی کثیرتعداد شریک ہوئی۔

تقریب میں سینئر صحافی و ڈائریکٹر اے پی پی عبدالجبار زکریا اور ناصر اسلم راجہ، راجہ ظفر کی والدہ اور پروفیسر سعید کے بھائی کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.