قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ ڈیفنس اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز کے طلباء کے وفد کا قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

:قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ ڈیفنس اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز کے طلباء کے ایک وفد نے پیر کو قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان(اے پی پی ) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔

وفد کوادارے کے آپریشنل امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ طلباء کے دورے کا مقصد اے پی پی میں خبروں کی تیاری، متن، فوٹو اور ویڈیوز سیکشن سمیت مختلف پلیٹ فارمز کے بارے میں معلومات حاصل کرنا تھا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی نے قائد اعظم یونیورسٹی کے طلباء کو قومی مفادات کے فروغ میں اے پی پی کے کردار سے آگاہ کیا۔

انہوں نے سٹریٹجک میڈیا ادارے کے طور پر پاکستان کے بہترین مفاد میں قومی بیانیے کے فروغ میں اے پی پی کے کردار پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ جعلی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے علاوہ اے پی پی نے سنسنی خیزی کی مشق میں ملوث ہوئے بغیر مستند اور معتبر مواد پھیلانے پر توجہ دی۔انہوں نے طلباء کو ماڈرن نیوز فائلنگ سسٹم کے ذریعے مختلف شعبوں کا احاطہ کرنے والے پیشہ ور صحافیوں کی ٹیم کے ذریعے اے پی پی کی قومی اور بین الاقوامی رسائی سے آگاہ کیا۔

ایم ڈی اے پی پی نے قومی سلامتی کے تناظر میں میڈیا سے متعلق امور اور مختلف سیاسی منظرناموں کی کوریج میں اے پی پی کی جانب سے توازن کو برقرار رکھنے کے بارے میں طلباء کے سوالات کے جواب دیئے ۔ قائد اعظم یونیورسٹی کی وزٹنگ فیکلٹی ممبر شازیہ محبوب کی قیادت میں طلباء نے اے پی پی کے مختلف سیکشنز، سنٹرل نیوز ڈیسک، انگلش رپورٹنگ، فارن اینڈ اکنامک ڈیسک، اردو نیوز سروس، ویڈیو نیوز سروس، سٹوڈیوز اور ڈیٹا سینٹر کا دورہ کیا۔

بعد ازاں مینیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی نے قائداعظم یونیورسٹی کے طلباء کے وفد کی قیادت کرنے والی فیکلٹی ممبر شازیہ محبوب کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر اے پی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سبین عثمان خٹک، ڈائریکٹر نیوز شمائلہ عندلیب، ڈائریکٹر ویڈیو نیوز رب نواز باجوہ، ڈائریکٹر کرائم رشید ملک، ڈائریکٹر آئی ٹی عدنان بخاری اور دیگر حکام بھی موجود تھے

Leave A Reply

Your email address will not be published.