:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج قوم کی بھرپور حمایت اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہے اور انشا اللہ ملک بھر میں دیرپا امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنائے گی، شہدا پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ان خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ اور افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔دورے کے دوران آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف ان کے غیر متزلزل عزم اور ثابت قدمی کو سراہا اور ان کی قربانیوں پر قوم کے فخر کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہدا پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ قوم کی بھرپور حمایت سے پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہے اور انشا اللہ ملک بھر میں دیرپا امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنائے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم ملک کی خودمختاری کی بنیاد ہے۔
انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداوں کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا جن کی بہادری اور بے لوث لگن پورے ملک کے لئے متاثرکن ہے۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج فتنہ الخواج کے خاتمے تک اس کا تعاقب جاری رکھے گی اور سہولت کار، تخریب کار اور فنانسرز کو ریاست کے خلاف ان کی مذموم سرگرمیوں کی قیمت چکانی پڑے گی۔ قبل ازیں وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔