وفاقی وزیر احسن اقبال نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی می ہائی پرفارمنس ریسرچ سینٹرں کا افتتاح کر دیا

:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی میں ہائی پرفارمنس ریسرچ سینٹر (ایچ پی آر سی) کا افتتاح کر دیا جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کھیلوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر منصوبہ بندی نے حکومت، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ٹیکنالوجی کے انقلاب کے اس دور میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے جہاں ہر شعبہ تیزی سے جدیدیت اپنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے “اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت “ای-پاکستان” کا ہدف نئے اور پائیدار معاشی ترقی کے مواقع تلاش کرنا ہے اور حکومت ان مقاصد کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی یونیورسٹیاں ملک کو “ٹیکنو-اکانومی” میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ “ملک کی ترقی کے لیے امن، سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل (کم از کم ایک دہائی تک) اور مربوط اصلاحات چار بنیادی عناصر ہیں، ہم نے ہمیشہ ترقی کے بیج بوئے ہیں اور پاکستان کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور ہم یہ کام مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے، چاہے کتنی ہی رکاوٹیں آئیں۔انہوں نے بتایا کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں “ہائی پرفارمنس ریسرچ سینٹر” کا منصوبہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران شروع ہوا تھا، لیکن پی ڈی ایم اور بعدازاں پی ایم ایل این حکومتوں نے اس منصوبے کو برقرار رکھا اور مکمل کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے کامیابی کے ساتھ معاشی ڈیفالٹ کے خطرے کو ٹال دیا ہے، مہنگائی اور خسارے میں کمی لائی ہے جبکہ برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “سی پیک کی روح کو دوبارہ زندہ کر دیا گیا ہے اور مختلف ترقیاتی منصوبے زیر عمل ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے چوتھے ترقیاتی دور کا آغاز ہے اور ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔حکومت کا وژن جدید ٹیکنالوجیز میں مراکز فضیلت (Centers of Excellence) قائم کرنا، ٹیکنالوجی اپنانے کی ثقافت کو فروغ دینا اور اس شعبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دینا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ ڈویلپمنٹ (ایس ٹی ای ڈی) اقدامات کے تحت پاکستان کی پانچ انجینئرنگ یونیورسٹیوں کو عالمی معیار کے اعلیٰ تعلیمی ادارے کے طور پر ترقی دی جائے گی۔وزیر منصوبہ بندی نے کھیلوں کے میدان میں اس سینٹر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سینٹر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کھلاڑیوں کی کارکردگی کی نگرانی، تجزیہ اور بہتری میں مدد دے گا۔انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی میں جدید ترین لیبارٹری کے قیام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مرکز پاکستان میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں معاون ثابت ہوگا۔

افتتاحی تقریب کے دوران وفاقی وزیر نے ایچ پی آر سی کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، رجسٹرار اور دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے نئے افتتاح شدہ سینٹر میں بائیو-میکینکل ڈیوائسز اور دیگر جدید سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.