مراکش کے ساحل پر کشتی الٹنے کا واقعہ، پاکستانی شہریوں کی سہولت اور ضروری مدد فراہم کرنے کے لئے سفارتخانہ کی ٹیم کو دخیلہ روانہ کردیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ کا بیان

:دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ رباط مراکش میں پاکستانی سفارتخانہ نے مطلع کیا ہے کہ موریطانیہ سے 80 مسافروں کو لے کر روانہ ہونے والی ایک کشتی جس میں متعدد پاکستانی شہری بھی سوار تھے مراکش کی بندرگاہ دخیلہ کے قریب الٹ گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق پاکستانیوں سمیت کئی زندہ بچ جانے والے دخیلہ کے قریب ایک کیمپ میں ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رباط میں پاکستانی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔ مزید برآں پاکستانی شہریوں کی سہولت اور ضروری مدد فراہم کرنے کے لئےسفارتخانہ کی ایک ٹیم کو دخیلہ روانہ کردیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کردیا گیا ہے جبکہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے متعلقہ سرکاری اداروں کو متاثرہ پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.