کوئٹہ 25اگست ۔ این ایف سی ایوارڈ اور بینک آف بلوچستان سے متعلق ایک اہم اجلاس محکمہ خزانہ میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی کو اسپیشل سیکریٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ اور کنسلٹنٹ فنانس نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں آنے والے این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے مختلف پہلووں پر غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے حصے کو بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی تاکہ صوبے کی پسماندگی پر قابو پانے کیلئے مالی ضروریات کو بہتر طریقے سے اس فورم میں پیش کرنے کے لیے موثر لائحہ عمل تیار کرسکے تا کہ ہمارے صوبے کی وسیع وعریض دیرپا تمام مالی مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے کو ششوں کو مزید تیز کرنا ہےاسپیشل سیکریٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ نے بلوچستان بینک کے قیام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ دیگر صوبوں کے بینک قائم ہو چکے ہیں، بلوچستان میں بھی اس ضمن میں عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ صوبے کی محاصل بڑھانا مالی خودکفالت اور معاشی ترقی کے لیے بینک کا قیام ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور بلوچستان کے عوام کو جدید مالیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مواقع میسر آئیں گے