معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے گزشتہ روز ہنزہ کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں خان آباد،علی آباد کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ہنزہ نظام الدین، تحصیلدار شناکی، ایس ڈی او بی اینڈ آر شناکی فرحت، ایس ڈی او واٹر مینجمنٹ ہنزہ اور دیگر انتظامی افسران موجود تھے۔
دورے کے دوران علاقہ عمائدین نے معاون خصوصی کو علاقے میں حالیہ سیلابی صورتحال، نقصانات اور مقامی مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ گزشتہ روز آنے والے سیلاب کے باعث خان آباد، علی اباد میں زرعی فصلیں، واٹر چینل اور دیگر انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا تھا جس کی وجہ سے پینے اور فصلوں کے لیے پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے۔
اہل علاقہ نے بتایا کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت واٹر چینل کو بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور اس سلسلے میں مقامی ایکسیویٹر بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ تاہم ایندھن اور دیگر وسائل کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
معاون خصوصی ایمان شاہ نے متاثرہ مقامات کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی قیادت میں متاثرہ عوام کی مشکلات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ ایمان شاہ نے ڈپٹی کمشنر ہنزہ کو ہدایت دی کہ واٹر چینل کی فوری صفائی اور بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو پانی کی سہولت جلد از جلد فراہم ہوسکے۔
ڈپٹی کمشنر ہنزہ نظام الدین نے اس موقع پر کہا کہ متاثرہ عوام کے ساتھ انتظامیہ بھرپور تعاون کرے گی۔ واٹر چینل کی بحالی کے لیے استعمال ہونے والے ایکسیویٹر کے فیول کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ برداشت کرے گی۔ ساتھ ہی پٹواری کو ہدایت دی گئی کہ وہ عوام کے ساتھ موقع پر موجود رہ کر بحالی کے کام کا مکمل جائزہ لے۔
اہل علاقہ اور عمائدین نے معاون خصوصی ایمان شاہ اور ضلعی انتظامیہ کی آمد کو سراہا اور کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے نہ صرف ہمارے مسائل سننے بلکہ ان کے حل کی عملی یقین دہانی بھی ایک حوصلہ افزا اقدام ہے۔ عمائدین نے کہا کہ حکومت کی قیادت میں واٹر چینل کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کا عمل جاری ہے جس پر وہ حکومت اور انتظامیہ کے بے حد مشکور ہیں