کوئٹہ: سمنگلی، مشین اور فیض محمد روڈ پر بی ایف اے کی کارروائیاں، ایکسپائرڈ و ممنوعہ اشیا برآمد، متعدد مراکز کو جرمانہ عائد

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپکشن ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کے مراکز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں ایکسپائرڈ اور ممنوعہ اشیا برآمد کرلیں جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر متعدد دکانداروں اور ہول سیلرز پر جرمانے عائد کیے گئے۔بی ایف اے کے ترجمان کے مطابق سمنگلی روڈ کوئٹہ پر قائم اشیائے خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کے دوران ایک ٹریڈر اور دو جنرل سٹورز سے ایکسپائرڈ خوردنی مصنوعات اور پابندی عائد اشیا کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔
اس دوران ایک دکاندار کے خلاف فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران ایکسپائرڈ جیم، بسکٹس، چپس، ٹیٹرا پیک دودھ، پاپڑ، چاکلیٹس اور کولڈ ڈرنکس کے علاوہ چائنیز نمک اور مضر صحت رنگ ضبط کرلیے گئے۔

علاوہ ازیں، بی ایف اے انسپکشن ٹیم نے مشین روڈ اور فیض محمد روڈ پر بھی کارروائیاں کیں جہاں ایک ریسٹورنٹ، ایک چاٹ ہائوس اور ایک جنرل سٹور سمیت متعدد مراکز کو مختلف وجوہات پر جرمانہ کیا گیا۔

حکام کے مطابق جرمانہ کیے گئے کئی مراکز کے پاس فوڈ بزنس لائسنس موجود نہیں تھا۔ ریسٹورنٹ اور چاٹ ہائوس کے خلاف صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی کا فقدان، کھلے کوڑے دان، زنگ آلود ریفریجریٹرز، اشیا کی تیاری میں مضر صحت رنگوں اور پابندی عائد چائنیز نمک کے استعمال جبکہ پراسیسنگ ایریا میں ناقص نکاسی آب اور گندگی پر کارروائی کی گئی۔مزید برآں، جنرل سٹور سے زائد المیعاد سنیکس اور ممنوعہ اشیا گٹکا کی بڑی مقدار برآمد ہونے پر بھی ایکشن لیا گیا۔ بی ایف اے حکام نے دکانداروں کو آئندہ قوانین کی پابندی کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.