سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں بلوچستان سائرہ عطاء بلوچ نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور قومی یومِ خواتین ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم خواتین کو بااختیار بنانے، انہیں مساوی حقوق دینے اور زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کریں۔
۔ سیکرٹری وویمن ڈیپارٹمنٹ بلوچستان سائرہ عطاء بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کے لیے متعدد عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور دور دراز علاقوں کی خواتین کو ہنر مند بنانے، انہیں چھوٹے کاروبار کے مواقع فراہم کرنے اور تشدد کے خلاف مؤثر تحفظ فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگرامز جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قانونی معاونت، کونسلنگ سروسز اور ہیلپ لائنز کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ خواتین کو فوری اور باوقار مدد فراہم کی جا سکے۔ سائرہ عطاء بلوچ نے کہا کہ معاشرے کی مجموعی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک خواتین کو تعلیم، روزگار اور فیصلہ سازی کے عمل میں مکمل شرکت کے مواقع فراہم نہ کیے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ والدین اور اساتذہ بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ تعلیم ہی خواتین کو بااختیار بنانے کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سرکاری اور نجی اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔سیکرٹری وویمن ڈیپارٹمنٹ نے مزید کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور ان کی عزت و وقار کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور حکومت بلوچستان اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔