کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر

ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جعفرآباد نعمت اللہ رند نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز درا بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس ڈاکٹر یاسر خان بازئی کی ہدایات پر ضلع جعفرآباد میں کھیلوں کے شعبے کو مزید فعال اور موثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید مراد کرکٹ اسٹیڈیم جعفرآباد کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نعمت اللہ رند نے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار میں کھیلوں کے میدانوں کو جدید اور بہتر معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو بہترین سہولیات اور معیاری مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے کرکٹ گراونڈ میں گراسی سمیت جاری تعمیر و ترقی کے مختلف کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان صوبے بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور جعفرآباد میں بھی اسپورٹس انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ضلعی سطح پر اسپورٹس کے فروغ سے نہ صرف ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا بلکہ معاشرے میں مثبت سوچ کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ سپورٹس بورڈ رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید بادینی اور ہادیہ نواز بہرانی کے خصوصی تعاون سے ضلع جعفرآباد میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند ماحول میسر آ سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.