حکومت بلوچستان کی وژن کے مطابق تحصیل تھل چوٹیالی بمقام نانا صاحب زیارت میں عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر ضلع دکی محمد نعیم ، کمانڈر 87 ونگ کرنل شاہد بلال، اسسٹنٹ کمشنر لونی فتح خان بنگلزئی، ڈی ایس پی حاجی علی محمد شادوزئی اور لائن ڈپارٹمنٹ کے سربراہان نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد عوام نے مختلف مسائل کی نشاندہی کی۔ عوام نے امن و امان، پانی کی فراہمی، سڑکوں کی حالت، صحت کی سہولتوں، نیٹ ورک کے مسائل اور دیگر بنیادی ضروریات کے حوالے سے اپنی شکایات اور تجاویز پیش کیں۔ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے اس موقع پر عوامی مسائل کو بغور سنا اور موقع پر ہی کچھ مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے فوری طور پر چند اہم مسائل کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں۔ دیگر مسائل جن میں پیچیدگیاں تھیں، ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو فوری طور پر اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت بلوچستان عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور اس قسم کی کھلی کچہریاں عوام کی شکایات کو براہ راست سننے کا ایک ذریعہ ہیں تاکہ ان مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ ان کے مطابق، عوامی مسائل کی فوری نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، حکومت تمام محکموں کو ہدایات دے گی تاکہ ان مسائل کا بروقت حل نکالا جا سکے۔