ضلع سبی میں نئے تعلیمی سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی داخلہ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سبی عبدالستار لانگو نے ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن میل سبی عبدالنبی پیچوہا، لیاقت علی لغاری،طارق الماس،مزرا اطہر بیگ،مسز نورین، یاسمین عمرانی کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے ضلع سبی کو رواں سال 4521 نئے طلبہ و طالبات کے داخلے کا ہدف دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم مارچ سے ہو چکا ہے اور داخلہ مہم ایک ماہ تک جاری رہے گی۔انہوں نے علما کرام، قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی، علاقہ کونسلرز، اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سے اپیل کی کہ وہ داخلہ مہم میں محکمہ تعلیم کا بھرپور ساتھ دیں اور اپنے اپنے علاقوں میں سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کروانے میں کردار ادا کریں۔
افسران کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی بلوچستان کے وژن کے مطابق “ہر بچہ سکول جائے، روشن بلوچستان بنائی” کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ ہر بچے کے ہاتھ میں کتاب ہو اور بلوچستان علم کی روشنی سے منور ہو۔داخلہ مہم کے دوران واک اور سیمینارز کا بھی انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوام میں تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ داخل ہونے والے بچوں کو محکمہ تعلیم کی جانب سے مفت کتب، سکول بیگ، یونیفارم اور اسٹیشنری فراہم کی جائے گی۔تعلیمی افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گرلز اور بوائز سکولوں میں روزانہ کی بنیاد پر داخلوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا اور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میڈیا، قبائلی عمائدین، علما کرام اور سول سوسائٹی اس قومی مقصد میں بھرپور تعاون کریں گی