ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشکی ڈاکٹر عبدالرحمن شیرانی نے صوبائی وزیر صحت جناب بخت محمد اور سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزی کی خصوصی ہدایت پر آر ایچ سی احمدوال اور آر ایچ سی بٹو کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے دونوں مراکز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، ویکسینیشن ریکارڈ، ملیریا سینٹر، نیوٹریشن سینٹر اور مریضوں کے اندراج کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے اسٹور روم کا معائنہ کرتے ہوئے ادویات کے اسٹاک، میعاد اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر طبی عملے سے کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ لی گئی جبکہ مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اور حاضری رجسٹر بھی چیک کیا گیا۔ڈاکٹر عبدالرحمن شیرانی نے ہدایت کی کہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے صفائی کی صورتحال اور بنیادی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے بہتری کے لیے متعلقہ عملے کو واضح احکامات دیے۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کو مزید مثر بنانا محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی