پسنی،کروڑوں روپے لاگت کے ڈبل روڈ منصوبے تاخیرکاشکار

پسنی،کروڑوں روپے لاگت کے ڈبل روڈ منصوبے میں تاخیر پر بی اینڈ آر حکام کا مؤقف، منصوبہ تکنیکی مراحل کے بعد 2023-24 میں ختم کر دیا گیا،سال 2026-27 میں شہری منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور ،شہریوں کا حکومت سے خصوصی اقدامات کی پرزور اپیل،گوادر کی طرز پر پسنی کیلئے بھی شہری ترقیاتی ادارہ قائم کرنے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے پسنی ڈبل روڈ منصوبے میں تاخیر کے حوالے سے جب محکمہ بی اینڈ آر کے ضلعی ذمہ داران سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ منصوبہ دراصل سال 22-2021 کا ترقیاتی منصوبہ تھا جسے مختلف انتظامی اور تکنیکی مراحل سے گزارنے کے بعد 2023-24میں مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔
بی اینڈ آر حکام کے مطابق پسنی شہر کو اس وقت صرف سڑکوں کی تعمیر تک محدود ترقیاتی کاموں کے بجائے ایک جامع اور جدید شہری منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس سلسلے میں ضلعی سطح پر ایک تفصیلی تجویز تیار کر کے متعلقہ حکام کے ذریعے رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی ای) گوادر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ارسال کی گئی ہے، جس میں پسنی شہر کے لیے جدید طرز کی شہری ترقیاتی منصوبہ بندی، روڈ نیٹ ورک کی بہتری اور بنیادی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔
بی اینڈ آر کے ذمہ داران نے امید ظاہر کی کہ آئندہ آنے والے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں پسنی کے لیے سڑکوں کے جال کی توسیع، شہری سہولیات کی فراہمی اور جدید شہری منصوبہ بندی سے متعلق ترقیاتی منصوبے شامل کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں کی منظوری سے نہ صرف پسنی شہر کے انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں بھی اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
دوسری جانب پسنی کے شہریوں نے بھی اس حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی گوادر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ وہ پسنی شہر کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صوبے کے اہم ساحلی شہر گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور شہری منصوبہ بندی کیلئے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی موجود ہے جس کی بدولت وہاں کے انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے تاہم پسنی کے شہری اس حوالے سے تاحال ایسے کسی مؤثر ادارے سے محروم ہیں۔
شہریوں نے پرزور اپیل کی کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان آئندہ صوبائی بجٹ میں پسنی شہر کی شہری منصوبہ بندی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبوں کو ترجیح دیتے ہوئے اس تاریخی ساحلی شہر کی ترقی میں عملی کردار ادا کریں گے، تاکہ پسنی بھی جدید شہری ترقی کے سفر میں اپنا مقام حاصل کر سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.