وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کسی قسم کی بلیک میلنگ یا دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی یقینی بنائیں گے۔ پشین کے علاقے برشور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ اور عوامی محرومیوں کا خاتمہ ان کی حکومت کا بنیادی مشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پروپیگنڈہ سے مرعوب ہونے والا نہیں ہوں، حکومتی فیصلے زمینی حقائق اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کو مضبوط بنا کر انہیں عام آدمی کی خدمت کے قابل بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ کوئی انہیں بلیک میل نہیں کر سکتا، ان کا مقصد بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کا نیا دور شروع کرنا ہے۔
خطاب کے دوران انہوں نے علاقے کی صحت سہولیات کے حوالے سے بڑا اعلان کرتے ہوئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال برشور کو ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال کا درجہ دینے کا اعلان کیا، جس سے مقامی آبادی کو جدید طبی سہولیات مقامی سطح پر میسر آئیں گی۔ جلسے میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے ہر علاقے میں ترقی کا عمل تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔