بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا حب میں کاروباری اداروں کی ٹیکس رجسٹریشن کیلئے خصوصی مہم کا آغاز

بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے ضلع حب میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے کاروباری اداروں کی ٹیکس رجسٹریشن کے لیے خصوصی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد صوبے میں ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینا، کاروباری سرگرمیوں کو دستاویزی شکل دینا اور سرکاری محصولات میں اضافہ یقینی بنانا ہے تاکہ عوامی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل میں اضافہ ہو سکے۔

بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے حکام کے مطابق اس مہم کے دوران خصوصی ٹیمیں ضلع حب کے مختلف تجارتی علاقوں، بازاروں اور کاروباری مراکز کا دورہ کر رہی ہیں۔ ٹیمیں ریسٹورنٹس، ہوٹلز، فوڈ پوائنٹس اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے کاروباری اداروں کو قانون کے مطابق اپنی رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایات دے رہی ہیں۔ اس موقع پر کاروباری افراد کو ٹیکس قوانین، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور سیلز ٹیکس کے نظام کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اس نظام کا حصہ بن سکیں۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ وہ کاروباری ادارے جو قانون کے مطابق اپنی رجسٹریشن مکمل نہیں کریں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کارروائی میں بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ کاروباری مراکز کو سیل کرنا اور دیگر قانونی اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے ضلع حب کی کاروباری برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے بروقت اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور خدمات پر عائد سیلز ٹیکس کی ادائیگی کے عمل کو یقینی بنائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.