یونیسیف پرائمری تعلیم کےفروغ کے لئے جدید مہارتیں سیکھانے پرخصوصی توجہ دے رہا ہے،گورنربلوچستان جعفرخان

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ یونیسیف پرائمری تعلیم کے فروغ کے لئے جدید مہارتیں سیکھانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ امید ہے کہ حکومت کے تعلیم دوست اقدامات اور دیگر انٹرنیشنل اداروں کی کوششوں اور معاونت سے صوبے کا پورا تعلیمی منظرنامہ بدل جائیگا۔
اس حقیقت کے باوجود کہ بلوچستان میں بچوں کی ایک بڑی اکثریت شدید غربت اور علاقائی پسماندگی کی وجہ سے اسکولوں سے باہر ہے، یونیسیف کی کوششوں سے ان غریب بچوں کی ایک بڑی تعداد کے اندراج میں مدد ملی ہے جو پہلے تعلیم کے متحمل نہیں تھے۔ یونیسیف ٹیم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ ہماری مسلسل یہ خواہش اور کوشش رہی ہے کہ صوبہ میں کوئی بچہ یا بچی بنیادی تعلیم سے محروم نہ رہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ایجوکیشن اسپشلسٹ سحرش ناگی کی قیادت میں یونیسیف وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے یونیسیف بلوچستان کی ٹیم پر زور دیا کہ وہ اپنے تعلیمی منصوبوں اور امدادی کارروائیوں کو صوبے کے دور دراز پسماندہ اضلاع تک پھیلائے تاکہ ہر بچہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ پرائمری سیکٹر کو تعلیمی نظام میں بنیادی حیثیت حاصل ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اس خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ ایک احسن اقدام ہے کہ یونیسف کی ٹیم اسکول کی سطح پر تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید ہنر بھی سکھا رہی ہے۔ہنرمند افراد معاشی طور پر کسی پر بوجھ نہیں بنتے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.