ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کا بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں اور فلٹریشن پلانٹس کا معائنہ

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے ضلع میں بلوچستان اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) فیز ٹو کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں زیر تعمیر مردہ خانہ (موریچری) سمیت گوٹھ لنجا خان جکھرانی اور گوٹھ عمران عمرانی میں قائم کیے جانے والے فلٹریشن پلانٹس کا معائنہ کیا اور منصوبوں پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایگزیکٹو انجینیئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نصیرآباد ظفر اقبال زہری، سب ڈویژنل افیسر مواصلات و تعمیرات (بلڈنگز) عابد علی پہنور، سب ڈویژنل افیسر پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ عمران علی اور بابو شکرالدین تنیہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبوں کی تکمیل، معیار، لاگت اور پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے مختلف منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات بروقت حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو فیز ٹو کے تحت جاری تمام منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ان کی تکمیل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا معیار کے مطابق مکمل ہونا نہایت ضروری ہے کیونکہ معیاری تعمیرات ہی عوام کو دیرپا سہولیات فراہم کر سکتی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بی ایس ڈی آئی کے تمام ترقیاتی منصوبوں کی کڑی نگرانی اور مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ ان میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے عوامی فلاح کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا اور ان کی بروقت تکمیل کے ذریعے عوام کو صحت،صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.