بلوچستان کی جغرافیائی ، تزویراتی اہمیت کے پیش نظر سیاسی استحکام، مؤثر حکمرانی اور ترقیاتی عمل کا تسلسل انتہائی ضروری ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے پیر کو کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق چیئرمین سینیٹ اور رکن بلوچستان اسمبلی میر صادق سنجرانی، صوبائی وزراء نوابزادہ طارق مگسی، میر ضیاء لانگو، آغا عمر احمد زئی اور رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران بلوچستان اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور گڈ گورننس سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں بلوچستان کی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کیلئے سیاسی قیادت کے درمیان قریبی رابطہ اور مشاورت ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفد کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، حکومتی اصلاحات اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، مواصلات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے، جن کا مقصد بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
سینیٹر محمد عبدالقادر نے بلوچستان کی ترقی، سیاسی استحکام اور وفاقی سطح پر صوبے کے مفادات کے تحفظ کیلئے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی جغرافیائی اور تزویراتی اہمیت کے پیش نظر سیاسی استحکام، مؤثر حکمرانی اور ترقیاتی عمل کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی ملاقاتیں نہ صرف سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں بلکہ صوبائی اور وفاقی قیادت کے درمیان روابط کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔
بلوچستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیاسی یکجہتی، سنجیدہ مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عام شہری تک پہنچ سکیں۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر سیاسی قیادت اسی جذبے کے ساتھ باہمی تعاون اور مشاورت کو فروغ دیتی رہی تو بلوچستان بہت جلد مزید اندرونی استحکام حاصل کرے گا اور قومی ترقی میں پہلے سے زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.