دکی: ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تھل چوٹیالی عبدالسلام نے نائب تحصیلدار اکرام اللہ ترین کے ہمراہ بازار کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں پرائس کنٹرول قوانین پر عملدرآمد، سرکاری نرخناموں کی جانچ، غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر دکانداروں کو سرکاری نرخنامے نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے اور اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فروخت کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ ناجائز منافع خوری اور سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے والوں کو فوری طور پر تجاوزات ختم کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوامی راستوں پر کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو بازار میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف، منظم اور سہولت سے بھرپور ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ایسے معائنے باقاعدگی سے جاری رہیں گے۔