ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی میں فیز ون کے تحت الاٹمنٹ کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں تمام متعلقہ سرکاری محکموں کو تحریری طور پر خطوط جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ منصوبے کی باقاعدہ منظوری بھی حاصل ہو چکی ہے انہوں نے مزید بتایا کہ جلد ہی ٹینڈرز جاری کیے جائیں گے اور جیسے ہی نقشہ جات میپس موصول ہوں گے الاٹمنٹ کے عمل کو عملی شکل دے دی جائے گی
انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی اور ہر درخواست گزار کو علیحدہ اور واضح الاٹمنٹ آرڈرز جاری کیے جائیں گے عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے وقتاً فوقتاً ضروری ہدایات بھی جاری کی جاتی رہیں گی تاکہ شہری آسان اور شفاف طریقہ کار کے تحت اپنے کاغذات جمع کروا کر الاٹمنٹ آرڈر حاصل کر سکیں ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مالکانہ حقوق کے حصول کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور بھرپور تعاون کریں تاکہ الاٹمنٹ کا یہ اہم عمل شفاف منظم اور بروقت مکمل کیا جا سکے اجلاس کے اختتام پر الاٹمنٹ کمیٹی کے ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہریوں کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں گے اور تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے الاٹمنٹ کے عمل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، تاکہ ڈیرہ مراد جمالی کے عوام کے دیرینہ مطالبے کو عملی جامہ پہنایا جا سکے