وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے، ایرانی صدر کا امریکا کو دوٹوک پیغام

ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو تقسیم کرنے والوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، کیونکہ ایرانی قوم اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ کسی بھی بیرونی خطرے سے پہلے اندرونی اختلافات ہی ملک کو زیادہ نقصان پہنچا سکتے ہیں، اس لیے قومی اتحاد اور یکجہتی کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے عوام اور سیاسی قیادت پر زور دیا کہ ہر ایسے بیان اور اقدام سے گریز کیا جائے جو معاشرے میں تقسیم یا انتشار پیدا کرے، کیونکہ داخلی ہم آہنگی ہی ایران کی اصل طاقت ہے۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اتحاد ہی ایران کی طاقت ہے جبکہ انتشار دشمن کے مفاد میں ہے، اس لیے تمام سیاسی اور سماجی حلقوں کو قومی مفادات کے تحفظ کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا اور کسی بھی بیرونی دباؤ یا جارحیت کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.