حب، 10 اگست۔ ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان مندوخیل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں 14 اگست یوم آزادی کی تقریبات، سیکیورٹی، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، تعلیمی اداروں میں قومی سرگرمیوں اور شہر کی تزئین و آرائش سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پولیس، فرنٹیئر کور، ضلعی انتظامیہ، محکمہ ایکسائز، انسداد منشیات فورس، پاکستان کسٹمز، انٹیلی جنس اداروں، لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بلدیاتی اداروں اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری عمارات کو قومی پرچموں اور روشنیوں سے سجایا جائے۔ 14 اگست کو مرکزی پرچم کشائی کی تقریب صبح 7 بج کر 45 منٹ پر جبکہ مرکزی تقریب صبح 9 بجے لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔
اجلاس میں پولیس، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فلیگ مارچ، کھیلوں کے مقابلوں، خصوصی سیکیورٹی اقدامات اور ٹریفک انتظامات کا فیصلہ کیا گیا۔
11 سے 15 اگست تک خصوصی چیکنگ، سرچ آپریشنز اور سیکیورٹی نگرانی بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ داخلی و خارجی راستوں، اہم چوراہوں، حساس مقامات اور عوامی مقامات پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں منشیات اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے، سرکاری عمارات اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی مضبوط بنانے اور یوم آزادی کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات بھی زیر غور آئے۔