حب ماسٹر پلان اور سیف سٹی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

حب، 17 اگست: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کی زیرصدارت لیڈا کانفرنس ہال میں حب ماسٹر پلان اور سیف سٹی منصوبے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی لسبیلہ رینج عبدالقیوم پتافی، ڈپٹی کمشنر حب جم داد مندوخیل، ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی، ایس ایس پی حب، چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب گل حسن محمد حسنی، متعلقہ انجینئرز، کنسلٹنٹ فرم کے نمائندوں اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

کمشنر کو حب ماسٹر پلان کے مختلف منصوبوں اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سائرہ عطاء نے کہا کہ حب ماسٹر پلان جدید شہری ترقی کی جانب اہم منصوبہ ہے اور اس پر کام کسی صورت نہیں رکنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ خود لیا جائے گا اور منصوبوں کی کامیابی صرف کاغذی کارروائی کے بجائے عملی طور پر زمین پر نظر آنی چاہیے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حب ماسٹر پلان کے پہلے مرحلے میں مختلف اہم منصوبے شامل ہیں، جن میں جدید بس ٹرمینل، نکاسی آب، سیوریج، پانی کی فراہمی، سڑکوں کی بہتری اور دیگر شہری سہولیات شامل ہیں۔

کمشنر نے متعلقہ حکام کو سوئی گیس اور بجلی کے اداروں کے ساتھ مشترکہ رابطہ اجلاس منعقد کرنے اور ماسٹر پلان پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.