کوئٹہ میں 31 اگست سے خصوصی انسداد پولیو مہم، اسکولوں اور مدارس میں ویکسینیشن ہوگی

کوئٹہ، 17 اگست: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرصدارت ایف آئی پی وی اور او پی وی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاق المدارس کے نمائندگان، پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن، محکمہ تعلیم، پولیس اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں 31 اگست سے شروع ہونے والی خصوصی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ مہم کے دوران کوئٹہ کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور مدارس میں پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین اور قطرے پلانے کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران تمام اسکولوں اور مدارس میں مؤثر انتظامات کیے جائیں اور مقررہ عمر کے تمام بچوں تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے والدین، مدارس کے ذمہ داران، سرکاری و نجی اسکولوں کے سربراہان اور منتظمین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور ویکسین لازمی دلوائیں تاکہ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جاسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.