پاک روس دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں، روسی قونصل جنرل

:کراچی میں روسی فیڈریشن کے قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعاون میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں نے اسے مزید مضبوط کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رشین فیڈریشن کے قونصلیٹ میں منعقدہ ”پیپلز یونٹی ڈے“ کی تقریب سے خطاب اور “اے پی پی “سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔روسی قونصل جنرل کہا کہ پیپلزیونٹی ڈے، ہر سال 4 نومبر کو منایا جاتا ہے۔روس پاکستان تعلقات اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور اس وقت دونوں ممالک کے درمیان 2 بلین ڈالر سے زیادہ کا تجارتی حجم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام اراکین برابر ہیں اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس سی او خطے کو استحکام فراہم کر رہا ہے اور یہ اچھی طرح سے کام کر رہا ہے۔انہوں نے 16 صدی کے اختتام اور 17ویں صدی کے آغاز میں درپیشں چینلجز اور مصائب اور اس کا کس طرح اس کا مقابلہ کیا گیا اس پر تفصیلی روشنی ڈالی۔پاکستان روس تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کی سطح اور تعداد میں گزشتہ سال سے اضافہ ہوا ہے، جب ہم نے روس پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی،اس حوالے سے انہوں شنگھائ تعاون تنظیم کے سربراہان کے اجلاس کے موقع پر روسی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا حوالہ بھی دیا۔انہوں نے روس کے نائب وزیر اعظم کے 18-19 ستمبر کو اسلام آباد کے دورے، یکم اکتوبر کو ماسکو میں روس پاکستان تجارتی اور سرمایہ کاری فورم کا بھی حوالہ دیا جس نے ہمارے اقتصادی تعاون کو ایک طاقتور تحریک دی۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں روسی سینیٹ کی چیئر مین نے بھی پاکستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان تمام ملاقاتوں کے نتیجے میں ہمارے تعلقات میں مزید پیش رفت ہو گی۔اس موقع پر گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری، وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ، صوبائی کابینہ کے سینئر ارکان، سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، ایم این اے ڈاکٹر فاروق ستار، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، دیگر ممالک کے سفارت کاروں، تاجر برادری کے نمائندوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔پیپلز یونٹی ڈے کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں روسی فنکاروں نے اپنے روایتی روسی رقص پیش کیا۔ یونٹی ڈےکی تقریب کے موقع پر تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس نے شرکاء کو اپنی طرف متوجہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.