کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شمالی اضلاع میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں پر برف باری

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شمالی اضلاع میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں پر برف باری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے تو دوسری جانب سڑکوں پر کھڑا اور بہتا پانی عوام کے لئے وبال جان بن گیا بلکہ گیس پریشر کی کمی ، بجلی کی آنکھ مچولی نے صارفین کے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے ،

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف شمالی و دیگر اضلاع میںبارش اورپہاڑی علاقوں پر مزید برف باری کی پیشگوئی کردی ہے ، ادھر ساحلی علاقوں پر ماہی گیروںکے لئے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور انہیں شدید بارشوںکے باعث ممکنہ طوفانی صورتحال سے بچنے کے لئے ماہی گیری نہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ ، پشین ، قلعہ عبداللہ ، زیارت ، خانوزئی ، خضدار ، سبی ، قلات ، مستونگ ، تربت سمیت مختلف اضلاع میں ااتوار کی شب سے شروع ہونے والے بارش کا سلسلہ پیر کے روز بھی رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہا اور پہاڑی علاقوںمیں برف باری بھی ہوئی ، بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ،

سردی میں اضافے کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ، پشین ، زیارت ، قلات ، منگوچر سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی کمی اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی گھریلو اور کاروباری زندگی بری طرح متاثر کرکے رکھ دی ہے ، یہی نہیںبجلی بھی بارش کے دوران صارفین کو داغ مفارقت دے گئی اور کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی طویل بریک ڈائون ، وولٹیج کی کمی اور لوڈشیڈنگ عوام کے لئے وبال جان بنی رہی اس کے علاوہ سینکڑوں ٹیلی فون بھی خاموش ہوگئے جبکہ انٹرنیٹ کے سلو ہونے اور کام نہ کرنے کی شکایات بھی زبان زد عام رہی ۔ پیر کے روز وقفے وقفے سے ہونے والے بارش کے باعث صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی مختلف علاقے اور شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہی اور اہلیان شہر کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ادھر ساحلی علاقوں میں ماہی گیروں کے لئے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے ، حکام کے مطابق خلیج فارس اور ایران سے بلوچستان میں داخل ہونے والی بارشوں کے اسپیل میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید شدت آنے کی توقع ہے اس لئے ماہی گیر فشنگ کرنے سے گریز کرے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچ سکے ۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے بلکہ 48گھنٹوں تک فضاء کی آبرالود رہنے او ربارش اور پہاڑی علاقوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.