افغان حکومت اور طالبان مذاکرات میں اہم پیشرفت، ابتدائی معاہدے کا اعلان

0 136

افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے امن مذاکرات کے حوالے سے ابتدائی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔

یہ فریقین کے درمیان 19 سالہ جنگ میں پہلا تحریری معاہدہ ہے جسے اقوام متحدہ اور امریکا نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق معاہدے سے مزید بات چیت کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور اسے اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے کیونکہ اس سے مذاکرات کار سیز فائر سمیت مزید ٹھوس مسائل پر آگے بڑھ سکیں گے۔

افغان حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے رکن نادر نادری نے ‘رائٹرز’ کو بتایا کہ ‘تمہید سمیت مذاکرات کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اب مذاکرات کا آغاز ایجنڈے سے ہوگا’۔

یہ ابتدائی معاہدہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں کئی ماہ کی بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے جسے امریکا کی بھی حمایت حاصل تھی، تاہم دونوں فریقین سب بھی ایک دوسرے کے خلاف حالت جنگ میں ہیں اور طالبان کی جانب سے افغان حکومت کی فورسز پر مسلسل حملے کیے جارہے ہیں۔

افغان مصالحتی عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ٹوئٹ میں کہا کہ فریقین نے تین صفحات کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے، جس میں سیاسی روڈ میپ اور جامع سیز فائر کے لیے مذاکرات کے حوالے سے طریقہ کار اور قواعد و ضوابط موجود ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.