وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ صحت اللہ کی وہ عظیم نعمت ہے جس کا احساس اکثر ہمیں اس وقت ہوتا ہے جب ہم اسے کھو دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ صحت کی مناسبت سے جاری کردہ خصوصی پیغام میں کیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ عالمی یومِ صحت محض ایک رسمی دن نہیں بلکہ یہ ایک یاددہانی ہے کہ ہم اپنی مصروف زندگی میں سے کچھ وقت اپنی ذات کے لیے نکالیں۔ اگر آپ تندرست ہیں تو آپ کائنات کی ہر خوشی کا بھرپور لطف اٹھا سکتے ہیں، اس لیے اپنی غذا، نیند اور سکون پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ عالمی سطح پر صحت کے حوالے سے موجود حقائق اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ آج بھی دنیا کی ایک بڑی آبادی بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق لاکھوں افراد غربت اور وسائل کی کمی کے باعث علاج معالجے کی سہولت تک رسائی نہیں رکھتے جبکہ متعدی امراض اور طرزِ زندگی سے وابستہ بیماریاں عالمی معیشت اور انسانی ترقی پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں۔ اس صورتحال میں عالمی یومِ صحت کا مقصد دنیا بھر کے ممالک کو اس بات پر آمادہ کرنا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے لیے مساوی بنیادوں پر صحت کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بلوچستان کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جغرافیائی پھیلاؤ اور دور دراز علاقوں میں طبی مراکز کی کمی ایک بڑا چیلنج رہی ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر خواتین کی صحت پر پڑتا ہے۔
صوبے میں زچگی کے دوران شرحِ اموات اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کے حوالے سے صورتحال پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں نظامِ صحت کی بہتری کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اس ضمن میں صوبائی حکومت نے صحت کارڈ اور انڈوومنٹ فنڈ جیسے انقلابی پروگراموں کے ذریعے عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے مختص ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور دور افتادہ علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس کی فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔