تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور خون کی دیگر بیماریوں سے متاثرہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سندس فاؤنڈیشن اور حکومت بلوچستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔تقریب میں صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ، حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند، سیکرٹری صحت مجیب الرحمن، جبکہ سندس فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈائریکٹر ایئر وائس مارشل (ر) آفتاب حسین اور مینیجر مارکیٹنگ، کمیونیکیشن، پی آر و میڈیا عمران مہر نے شرکت کی۔
مفاہمتی یادداشت پر حکومت بلوچستان کی جانب سے سیکرٹری صحت مجیب الرحمن اور سندس فاؤنڈیشن کی طرف سے ایئر وائس مارشل (ر) آفتاب حسین نے دستخط کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا جیسے مہلک امراض میں مبتلا بچوں کو معیاری علاج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے لیے سندس فاؤنڈیشن سے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ پنجاب کی طرز پر بلوچستان کے مریض بھی فائدہ اٹھا سکیں۔ایئر وائس مارشل (ر) آفتاب حسین نے اس موقع پر کہا کہ سندس فاؤنڈیشن نہ صرف کوئٹہ بلکہ بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرہ افراد کو جدید طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے حکومت بلوچستان کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشترکہ کوششوں سے صوبے میں صحت کے میدان میں نمایاں بہتری آئے گی۔