بابا جمہوریت ڈیرہ بگٹی مرحوم میر غلام قادر بگٹی کی نویں برسی ڈیرہ بگٹی میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔اس موقع پر عوام، قبائلی معتبرین، مقامی عمائدین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میر غلام قادر بگٹی جرات، خودداری اور حریت کی علامت تھے۔
انہوں نے جمہوری اقدار اور عوامی خودمختاری کے لیے لازوال قربانیاں دیں ،ظلم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے اور کبھی بھی اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹے ۔مقررین نے کہا کہ مرحوم کی سیاست ذاتی مفاد اور قبائلی تعصب سے بالاتر تھی۔ انہوں نے محض 23 برس کی عمر میں فرسودہ سرداری نظام کے خلاف علمِ بغاوت بلند کیا اور ڈیرہ بگٹی میں جمہوریت کی بنیاد رکھی۔
عسکریت پسندی کے دور میں انہوں نے پاکستان کا جھنڈا تھام کر امن کی جدوجہد کی اور اپنی قیادت سے بگٹی و مزاری قبائل کے درمیان 25 سالہ خونی جنگ کا خاتمہ کرایا ۔شرکاءکا کہنا تھا کہ میر غلام قادر بگٹی نے ڈیرہ بگٹی میں ہزاروں خاندانوں کو روزگار دیا اور نوجوانوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے۔ وہ عوامی خدمت اور قومی یکجہتی کے علمبردار تھے جنہیں بجا طور پر ”بابا جمہوریت ڈیرہ بگٹی” کہا جاتا ہے ۔مقررین نے کہا کہ مرحوم کی قربانیوں اور خدمات کا تسلسل آج ان کے فرزند وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی آگے بڑھا رہے ہیں۔ تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں سے ڈیرہ بگٹی کا نقشہ بدل رہا ہے اور عوام خوشحالی کی جانب گامزن ہیں۔