وزیراعلیٰ بلوچستان کی واضح ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرِ صدارت ایرانی فیول کی قیمتوں اور ممکنہ توانائی بحران سے نمٹنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ افسران اور ڈپو مالکان نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایس ایس پی عطاءالرحمان خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ظہور احمد بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر سعد کلیم ظفر سمیت دیگر متعلقہ حکام اور ڈپو مالکان موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک ایران میں حالیہ صورتحال کے باعث پیدا ہونے والے فیول بحران پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ موثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی تیل کی فراہمی اور قیمتوں میں توازن برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے ڈپو مالکان سے ایرانی تیل کی فی لیٹر اور فی بیرل اصل قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کیں اور ہدایت کی کہ کوئی بھی پمپ یا ڈپو سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں سے زیادہ قیمت پر تیل فروخت نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام پہلووں کا جائزہ لے کر ایک مناسب اور متوازن ریٹ مقرر کرے گی، جس میں نہ ڈپو مالکان کو نقصان ہوگا اور نہ ہی شہریوں پر اضافی بوجھ پڑے گا۔ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ مقررہ نرخوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی عطاءالرحمان خان نے کہا کہ ایسے ڈپو مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی جن کے خلاف زائد نرخوں پر تیل فروخت کرنے کی شکایات موصول ہوں گی۔اجلاس میں شہری آبادی کے اندر قائم غیر محفوظ ڈپووں کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ایسے ڈپوو¿ں کو مرحلہ وار آبادی سے باہر منتقل کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت جاری کی کہ فیول کی ترسیل میں استعمال ہونے والی تمام گاڑیوں کے مالکان کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے انہیں باقاعدہ رجسٹر کیا جائے، تاکہ سپلائی چین کو منظم اور شفاف بنایا جا سکے۔