سیکٹریری ایکسائز ظفر علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان، میر سرفراز احمد بگٹی کی خصوصی ہدایات پر حکومت بلوچستان نے عوام کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی ٹرانسفر پر عائد فیس کو 15 دن کے لیے مکمل طور پر معاف کر دیا ہے۔صوبائی سیکٹریری نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور اوپن ٹرانسفر لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن کو باقاعدہ بنانا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فوری طور پر اپنے قریبی ایکسائز آفس سے رجوع کریں اور ٹرانسفر کا عمل مکمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے ایکسائز کے تمام ضلعی دفاتر میں خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں، جو پورا ہفتہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک خدمات انجام دیں گے۔ صوبائی سیکٹریری ایکسائز نے مزید عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس محدود مدت کی سہولت سے بروقت فائدہ اٹھائیں اور اپنی گاڑیوں کی منتقلی کو قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل بنائیں۔