حکومت کاروباری طبقے کے مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے، بابر یوسفزئی

معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تاجر برادری، چیمبر آف کامرس اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام اور کاروباری طبقے کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ ان کے مطابق حکومت کا مقصد معاشی سرگرمیوں کا فروغ، کاروباری ماحول کا تحفظ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کرنے والے عناصر دراصل صوبے کی ترقی کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ معاشی عمل متاثر ہو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت، سیکیورٹی ادارے اور عوام مل کر ان عناصر کے عزائم کو ناکام بنائیں گے جو ملک و صوبے کی ترقی اور استحکام کے خلاف سرگرم ہیں۔
معاون برائے داخلہ نے کہا کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور امن و امان، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.