اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کر دیا ہے، اور 5 کمپنیوں کے آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ پر وزارت داخلہ نے بہترین انتظامات کئے، اور محسن پاکستان کو وزارت داخلہ نے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا، وزیراعظم کی ہدایات تھی کہ ڈاکٹر قدیر کی تدفین فیصل مسجد میں کی جائے، لیکن گھر والوں کی مرضی کے بعد انہیں ایچ ایٹ میں سپردخاک کیا گیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کر دیا ہے اور 5 بڑی کمپنیوں کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 88 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ 47 کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، ڈالر اگر غیر قانونی طریقہ سے افغانستان بھیجا گیا تو اس پر کسٹمز کو تحقیقات کرنی چاہئے، کسٹم ڈیپارٹمنٹ وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں، ہمارا کام صرف ہولڈنگ ہے تحقیقات کا ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مذہب کی بنیاد پر کسی کو نہیں چھیڑیں گے، پی ڈی ایم جو کرنے جار ہی ہے یہ نہ ہو اسکے گلے پڑجائے، سول ملٹری تعلقات کے حوالہ سے کوئی مسئلہ نہیں، جب بھی ٹرانسفر ہوتی ہیں،وہ معمول کے مطابق ہوتی ہیں، وزیر اعظم کی ہدایات پر پی ایم آفس میں افغانستان ڈیسک بنے گا، وزارت داخلہ بھی اسکا حصہ ہوگی۔