ریاض: سعودی عرب کے الشرقیہ ایوان صنعت و تجارت میں لاجسٹک کمیٹی کے چیئرمین راکان العطیشان نے کہا ہے کہ بری نقل و حمل کی کمپنیوں نے کارگو فیس میں 25 فیصد اضافہ کردیا ہے ۔سعودی خبر رساں ادارے نے ا راکان العطیشان کے حوالے سے بتایا کہ پٹرول، ڈیزل، فاضل پرزہ جات، بیٹری اور ٹائرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بری نقل و حمل کی کمپنیوں کے کارگو چارجز میں کمی بیشی متعدد امور سے جڑی ہوئی ہے، پٹرول کے نرخوں میں 21 فیصد تک اضافہ ہوچکا ،ڈیزل پہلے ایک لٹر 52 ھللہ میں دستیاب تھا اب 65 ھللہ قیمت ہوچکی، فاضل پرزوں کے نرخوں میں بھی 20 تا 30 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔بری ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک فایز الیوسف کا کہنا ہے کہ ڈیزل کے نرخ بری کارگو پر بہت زیادہ اثرات ڈال رہے ہیں، کارگو فیس میں جو اضافہ ہوا ہے وہ بالکل مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارگو کی اوسط فیس 400 تا 650 ریال ہوچکی ہے جو پہلے 300 تا 500 ریال تھی، یہ فیس دمام۔ ریاض روٹ کی ہے جبکہ بھاری ٹرانسپورٹ کی فیس 900 تا 1100 ریال ہوچکی ہے، یہ پہلے 700 سے 800 کے درمیان ہوتی تھی۔