حب میں گھریلو رنجش پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل

حب، 12 اگست: جمعہ خان خاصخیلی گوٹھ میں مبینہ طور پر گھریلو رنجش کے باعث سگے بھائی نے فائرنگ کرکے اپنے بھائی کو قتل کردیا، مقتول کی لاش سول اسپتال حب منتقل کردی گئی۔
پولیس کے مطابق صبح تقریباً 8 بج کر 5 منٹ پر اطلاع موصول ہوئی کہ گولیاں لگنے سے زخمی ایک شخص کو سول اسپتال حب لایا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او اور ڈیوٹی افسر اسپتال پہنچے، جہاں ایک شخص کی لاش موجود تھی۔ مقتول کے سینے اور پیٹ پر گولیوں کے نشانات پائے گئے۔
پولیس نے مقتول کی شناخت تیمور ولد محمد حمزہ، قوم خاصخیلی، سکنہ جمعہ خان خاصخیلی گوٹھ کے طور پر کی۔
مقتول کے بھائی عدنان نے پولیس کو بتایا کہ وہ گھر میں سو رہے تھے کہ گھریلو رنجش پر ان کے بھائی عمران نے مبینہ طور پر 9 ایم ایم پستول سے تیمور پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد مبینہ ملزم فرار ہوگیا۔
پولیس نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش تجہیز و تکفین کے لیے ورثاء کے حوالے کردی۔ پولیس کے مطابق ورثاء کی درخواست موصول ہونے پر واقعے کے حوالے سے قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.