عمران خان اس کیلئے ووٹ مانگنے آرہا ہے جسے سب سے بڑا ڈاکو کہتا تھا،پیٹرولیم مصنوعات سستی ہوئی تو میں کئی روز بعد چین کی نیند سوئی،شیر اب شیروں میں آگیا ہے تو شیر بن کر بھی دکھائے گا، شیروں کو شیروں کیساتھ ہونا چاہئے، گیدڑوں کے نہیں
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا لاہور میں انتخابی جلسیسے خطاب
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہاہے کہ مشکل وقت سے نکل چکے، آنے والا ہر دن اچھی خبریں لائے گا، پیٹرولیم مصنوعات سستی ہوئی تو میں کئی روز بعد چین کی نیند سوئی،شیر اب شیروں میں آگیا ہے تو شیر بن کر بھی دکھائے گا، شیروں کو شیروں کیساتھ ہونا چاہئے، گیدڑوں کے نہیں۔لاہور میں انتخابی مہم کے دوران ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خوشی ہے آج اسد کھوکھر کے ساتھ کھڑی ہوں، شیر اب شیروں میں آگیا ہے تو شیر بن کر بھی دکھائے گا، شیروں کو شیروں کیساتھ ہونا چاہئے، گیدڑوں کے نہیں۔انہوں نے کہا کہ کل جب عوام کیلئے پیٹرول سستا ہوا تو کئی روز بعد چین کی نیند سوئی، مشکل وقت سے نکل چکے، آنے والا ہر دن اچھی خبریں لائے گا۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ لاہور نواز شریف کا تھا ہے اور نواز شریف کا ہی رہے گا، لاہور پر بری نظر رکھنے والوں کو 17 جولائی کو مایوس لوٹنا پڑے گا، ایک سال اور نالائق کی حکومت رہتی تو اس نے لاہور کو بھی کھنڈر بنادینا تھا، شکر ہے لاہور ان لوگوں کے پاس آگیا جو دن رات ایک کرکے ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے دن رات ایک کرکے پنجاب کو سجایا، چار سال تک عیدالاضحی پر ہر طرف آلائشوں کے ڈھیر ہوتے تھے، اس بار حمزہ شہباز نے 24 گھنٹے میں پنجاب کی سڑکیں صاف کروادیں۔انہوں نے لاہور کے شہریوں سے کہا کہ عمران خان آج لاہور آرہا ہے اس سے پوچھنا تمہارا وزیراعلی کہاں ہے؟، 4 سال بزدار کٹھ پتلی بن کر بیٹھا رہا کسی ایک جلسے میں بھی اس کو دیکھا؟، اس نے کچھ کیا ہوتا تو آج منہ دکھانے آتا، لاہور کی ترقی کے 4 سال ضائع ہوگئے، اگر یہاں پر نواز شریف کی حکومت ہوتی تو سوچو لاہور کی ترقی کیا کہہ رہی ہوتی۔مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ چار سال اس لئے ضائع ہوئے کیوں کہ عمران خان خود کٹھ پتلی تھا اس نے پنجاب میں کٹھ پتھلی عثمان بزدار رکھا ہوا تھا، عثمان بزدار نے فرح گوگی اور فرح گوگی نے ابراہیم مانیکا اور ابراہیم مانیکا نے بشری پیرنی کو رکھا ہوا تھا، کچھ سمجھ نہیں آتا کہ پنجاب کی قسمت کس کے ہاتھ میں تھی، تب ہی تو پنجاب کا برا حال ہوا۔ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عمران خان آج لاہور اس شخص کیلئے ووٹ مانگنے آرہا ہے جسے وہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتا تھا۔